دہشتگردوں کیخلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی، کورکمانڈرز کانفرنس

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت 259 ویں کور کمانڈرز کانفرنس جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں منعقد کی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں ملک میں معاشی سرگرمیوں کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا گیا۔ معیشت کو نقصان پہنچانے والوں کے خاتمے کیلئے حکومت کی مدد کی جائے گی۔

کانفرنس کے دوران ”آرمی چیف نے آپریشنز کے دوران پیشہ ورانہ مہارت کے معیار کو برقرار رکھنے اور فارمیشنز کی تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کے حصول پر زور دیا“۔ جنرل عاصم منیر نے فوجیوں کی فلاح و بہبود اور حوصلہ برقرار رکھنے اور مسلسل توجہ دینے پر کمانڈرز کی تعریف کی جو فوج کی آپریشنل تیاری کی بنیاد ہے۔“

کانفرنس کے شرکاء نے ہر قسم کے بلواسطہ اور بلاواسطہ خطرات کے خلاف پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لئے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔ کانفرنس کے شرکاء کو قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور بڑھتے ہوئے خطرات کے جواب میں اپنی حکمت عملی کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

کانفرنس کے شرکاء نے کہا کہ ”ریاستی اداروں اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کے لئے مذموم پروپیگنڈہ کرنے والوں کو مایوسی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہو گا اور اس کے نتیجے میں ایسے عناصر مزید رسوائی کا شکار ہونگے“۔

شرکاء نے مزید کہا کہ ”دہشتگرد جو پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، وہ، اُن کے سہولت کاروں اور اُن کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کے خلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی“۔

کانفرنس کے شرکاء نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و جوان اور سول سوسائٹی کے شہداء جنہوں نے ملک کی حفاظت، سلامتی اور وقار کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، اُن کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔