لاہور : سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ ملک میں عام انتخابات فروری کے آخر تک ہوں گے، جو حالات قبائلی علاقوں میں ہیں الیکشن کمپین کرنا مشکل ہے، جمہوری ممالک میں نگران حکومت کا تصور ہی نہیں۔ لاہور میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی صورتحال میں انتخابات ناگزیر ہیں، پی ڈی ایم جماعتوں ایم کیو ایم، اختر مینگل و دیگر نے اتفاق رائے سے فوری الیکشن کروانے کا فیصلہ کیا تھا، پیپلز پارٹی آخری وقت میں آکر فیصلے سے پیچھے ہٹ گئی تھی،پیپلزپارٹی نے عین آخری وقت میں چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے پر زور دیا، پیپلزپارٹی آخری وقت میں وعدے سےانحراف نہ کرتی تو اس وقت الیکشن ہوجاتے،پی ٹی آئی چیئرمین کو لانے والوں نے اعتراف کیا کہ ان کا ایجنڈا کچھ اور ہے، پی ٹی آئی کو اقتدار میں اس لئے لایا گیا کہ ملک کو معاشی طور پر کمزور کیا جائے۔