کولمبو(اُمت نیوز)ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت ایک مرتبہ پھر آمنے سامنے آگئے ،روایتی حریف سپر فور مرحلے میں آج کولمبو کے میدان میں ٹکرائیں گے ۔
تفصیلات کےمطابق پاکستان ٹیم نے پریماداسا اسٹیڈیم میں ٹریننگ سیشن کیا اور بیٹنگ اور فیلڈنگ کی پریکٹس کی۔کولمبو کے پریماداسا کرکٹ اسٹیڈیم سے ملحقہ گراؤنڈ میں پاکستان ٹیم نے میچ کی تیاریوں کےلیے بھر پور ٹریننگ سیشن کیا۔کھلاڑیوں نے وارم اپ اور فزیکل ٹریننگ کے بعد نیٹ پر بیٹنگ اور بولنگ کی مشقیں کیں۔پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ میچز اور ٹورنامنٹ فاسٹ بولرز ہی جتواتے ہیں انہیں اپنے بولرز پر فخر ہے۔
دوسری جانب پاکستان نے ایشیاکپ میں روایت برقرار رکھتے ہوئے ایک روز قبل پلیئنگ الیون کا اعلان کردیا ۔فہیم اشرف ٹیم شامل ہیں جبکہ پاکستان چار فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اترے گی۔پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف فتح حاصل کرنے والی اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور فاتح الیون کو برقرار رکھا ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان سپر فور کا میچ دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔
پاکستان کی ٹیم میں تین فاسٹ بولرز، ایک فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر اور تین اسپن آل راؤنڈرز شامل، فاسٹ بولنگ کے شعبے میں شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف کو فہیم اشرف سپورٹ کریں گے۔اسپن ڈپارٹمنٹ میں نائب کپتان شاداب خان، افتخار احمد اور سلمان علی آغا شامل ہوں گے۔ٹاپ آرڈر میں فخر زمان، امام الحق اور کپتان بابراعظم شامل ہیں جبکہ محمد رضوان وکٹ کیپنگ کریں گے۔