راولپنڈی: راولپنڈی میں غربت،مہنگائی اوربیروزگاری سے تنگ آکر2 بچیوں کے باپ نے مبینہ خودکشی کرلی۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزتھانہ وارث خان کی حدودقاسم آبادڈھوک کھبہ کے رہائشی 39 سالہ عرفان صادق نے گھرکےخراب مالی حالات سے تنگ کر پنکھے سے لٹک کرخودکشی کرلی۔
پولیس کے مطابق خودکشی کرنے والے شخص عرفان صادق کی لاش دکان میں پنکھے سے لٹکی ہوئی ملی۔ اہل محلہ کے مطابق عرفان صادق کی چپس کی دکان تھی،اس کے معاشی حالات خراب تھے۔خودکشی سے قبل عرفان صادق نے ورثاکے نام دوصفحات کاخط بھی لکھ کرچھوڑاہے،جس میں اس نے اپنی معاشی مشکلات اورقرض کاذکرکیاہے۔
عرفان صادق کی جانب سے لکھے گئے تحریری نوٹ پر ان لوگوں کے نام درج ہیں جن کے پیسے دینے تھے۔مبینہ تحریری نوٹ میں لکھا ہوا ہے کہ میرے انتقال کو دل کا دورہ تصورکیا جائے،میرے قل پر زیادہ خرچہ نہ کرنا، قرض دار وں کو پیسے دے دینا، میں نے سب کےلئے مشکل کھڑی کر دی، مجھے معاف کر دینا۔واقعہ کے بعد تھانہ وارث خان پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے مطابق عرفان صادق شدید ذہنی دبا ئومیں تھا۔