کولمبو: ایشیا کپ ون ڈے سپر فور مرحلے میں بارش کی وجہ سے پاکستان اور بھارت کا میچ ملتوی کر دیا گیا ہے، میچ کل دوپہر ڈھائی بجے وہیں سے شروع ہوگا جہاں آج روکا گیا تھا۔
بارش ہونے تک بھارت 24.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنا چکا ہے۔ ایشیا کپ کے اس اہم مقابلے میں پاکستان نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
بھارت کی پہلی وکٹ 121رنز پر گری، کپتان روہت شرما 56 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے۔ بھارتی ٹیم کے کپتان شاداب خان کا شکار بنے، جب کہ شبھمن گل کو 58 رنز پر شاہین شاہ آفریدی نے آؤٹ کیا۔ کریز پر اس وقت ویرات کوہلی اور کے ایل راہول موجود ہیں۔
ٹاس کے بعد بات کرتے ہوئے بابراعظم کا کہنا تھا کہ فیلڈ کرنے کا فیصلہ پچ دیکھ کرکیا، میچ جیتنے کی کوشش کریں گے، ٹیم بہت اچھا کھیل رہی ہے میچ پر توجہ ہے۔گیارہ رکنی قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ سری لنکا میں جاری شدید بارشوں کے پیش نظر ایشین کرکٹ کونسل نے گزشتہ روز اس اہم میچ میں بارش کی صورت میں ریزرو ڈے رکھنے پر آمادگی ظاہر کی تھی۔