اسلام آباد : عالمی بینک نے رواں مالی سال کےدوران پاکستان کو دو ارب ڈالر فنڈز کی فراہمی کا عندیہ دیدیا۔ نگران وزیر خزانہ شمشاد اخترسے کنٹری ڈائریکٹر عالمی بینک ناجی بنہاسین کی ملاقات میں پاکستان میں اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال ہوا۔ انہوں نے پاکستان میں عالمی بینک کے جاری پورٹ فولیو کی مجموعی کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا اور اس کا جائزہ لیا۔
ملاقات میں دونوں کے درمیان ملک میں اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں مدد کے لیے مختلف ترجیحی شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے مختلف آپشنز پر تبادلہ خیال بھی ہوا۔
ڈاکٹر شمشاد اختر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان عالمی بینک کے ساتھ اپنی ترقیاتی شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی معاشی ترقی میں عالمی بینک کی انتظامیہ بالخصوص اسلام آباد میں ملکی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔
ناجے بن حسین نے وزیر خزانہ کو جاری پورٹ فولیو کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے اشارہ دیا کہ عالمی بینک کی انتظامیہ وزارت خزانہ کے ساتھ مل کر نہ صرف جاری پورٹ فولیو کے نفاذ کی کارکردگی کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہی ہے، بلکہ غیر ملکی قرضوں کی تقسیم کے حجم کو بھی زیادہ سے زیادہ بڑھا رہی ہے۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ مشترکہ کوششوں میں مالی سال 24 کے دوران تقریباً 2 بلین ڈالر کی تقسیم کو ہدف بنایا جارہا ہے۔