لاہور(اُمت نیوز)لاہور ہائیکورٹ میں رہائی کے حکم کے باوجود پرویز الہٰی کی گرفتاری کے معاملے پر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس مرزا وقاص نے آئی جی اسلام آباد کے پیش نہ ہونے پر کہا کہ ابھی عدالت انہیں توہین عدالت کا نوٹس جاری کرگے گی ۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی رہائی کے حکم کے باوجود گرفتاری پر توہین عدالت کیس کی سماعت جسٹس مرزا وقاص نے کی ،ایس پی اقبال ٹاؤن عثمان ، ایس پی سکیورٹی ہائیکورٹ رانا اسلم بھی عدالت پیش ہوئے،ڈی آئی جی سید ناصر رضوی ،ڈی آئی جی عمر ان کشور کو تاحکم ثانی عدالت سے نہ جانے کی ہدایت کرتے ہوئے عدالت نے کیس کی سماعت کچھ دیر کیلئےملتوی کردی۔
جسٹس مرزا وقاص رؤف نے پرویز الہٰی کی اہلیہ کی درخواست پر سماعت کی ،وکیل چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ آپ ان سے رپورٹس منگوا لیں ، عدالت نے سرکاری وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ کیا کمنٹس آنے تھے، کیا آگئے ہیں ، سرکاری وکیل نے پولیس افسران کا جواب جمع کروایا،سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ آئی جی پنجاب نےپرویز الہٰی کی گرفتاری پر افسران کی انکوائری لگائی ہے،ڈی آئی جی عمران کشور ،ایس پی اور ایس پی اقبال ٹاؤن سے جواب مانگا ہے۔ جسٹس مرزا وقاص رؤف نے سوال کیا کہ آئی جی اسلام آباد کدھر ہیں ؟سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ وہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہیں، جسٹس مرزا وقاص رؤف نے استفسار کیا کہ عدالتی حکم پر عمل درآمد کیوں نہیں ہوا؟وکیل پنجاب حکومت نے کہا کہ ہم نے عدالتی حکم پر عمل درآمد کردیا تھا، جسٹس مرزا وقاص نے کہا کہ آپ یہاں تشریف رکھیں ، آئی جی اسلام آباد کو نوٹس جاری کرتے ہیں ، اس کیس کو دوبارہ سنیں گے۔