یورپین لانگ رینج شوٹنگ چیمپئن شپ میں پاکستان نے تاریخ رقم کردی

لندن (اُمتنیوز)یورپین لانگ رینج شوٹنگ چیمپئن شپ میں پاکستان نے تاریخ رقم کردی۔ سولہ ممالک کی ٹیموں میں ٹیم پاکستان سرفہرست رہی۔

تفصیلات کے مطابق شوٹنگ چیمپئن شپ کا انعقاد برطانیہ کے شہر بِسلے میں کیا گیا، اس چیمپئن شپ کو دنیا کے دوسرے بڑے شوٹنگ ایونٹ کی حیثیت حاصل ہے۔ اس ایونٹ میں 16 ممالک کے 80 سے زائد کھلاڑیوں نے ٹیم اور انفرادی کیٹگری میں شرکت کی۔ٹیم پاکستان نے پہلی مرتبہ ان مقابلوں میں شرکت کی۔

ایونٹ کے پہلے روز لیفٹیننٹ جنرل احسن گلریز نے تاریخ رقم کرتے ہوئے نو سو یارڈ کیٹگری میں سلور میڈل حاصل کیا،یہ پاکستان کا چیمپئن شپ کی تاریخ کا پہلا میڈل تھا۔ لیفٹیننٹ کرنل جنید علی نے آٹھ سو اور نوسو یارڈ کیٹگری میں برونز میڈلز اپنے نام کئے ۔

ایونٹ کے دوسرے روز لیفٹیننٹ کرنل جنید علی نے نو سو یارڈ کیٹگری میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتا جبکہ کرنل جنید وقاص نے سلور میڈل اپنے نام کیا۔ ایک ہزار یارڈ کیٹگری میں عبید ابراہیم نے پاکستان کیلئے ایک اور سلور میڈل جیتا۔

پاکستان ٹیم نے ایونٹ کے پہلے دو روز مجموعی طور پر پانچ میڈل اپنے نام کیے۔۔ جبکہ اگلے تین روز بھی پاکستان کے شوٹرز نے اپنی دھاک بٹھائے رکھی۔پاکستان نے 581 پوائنٹس کے ساتھ چیمپئن شپ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ کینیڈین ٹیم نے دو پوائنٹ کے فرق سے دوسری اور انگلینڈ نے تین پوائنٹ کے فرق سے تیسری پوزیشن حاصل کی۔