لاہور (اُمت نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قائداعظم کے 75 ویں یوم وفات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم صدیوں میں پیدا ہونے والے کرشماتی لیڈر اور سیاسی مدبر تھے۔
پی پی پی چیئرمین نے بابائے قوم کی برسی کے موقع پر جاری کردہ بیان میں کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی قائداعظم کی سیاسی سوچ اور فلسفے پر عمل پیرا ہے، پیپلز پارٹی نے آئین و پارلیمان کی بالادستی، شہریوں کے حقوق پر کبھی سودے بازی نہیں کی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قائداعظم کا جمہور دوست نظریہ اور جدید اسلامی فلاحی ریاست کا ویژن مشعلِ راہ ہے۔
انہوں نے اس موقع پر عہد کرتے ہوئے مزید کہا کہ عہد کریں کہ ہم کسی مصلحت اور سمجھوتے کے بغیر بابائے قوم کے بتائے راستے پر چلیں گے۔