ایمسٹرڈیم: نیدرلینڈ کی ایک عدالت نے پاکستان کے سابق انٹرنیشنل کرکٹر خالد لطیف کو اسلام مخالف رکن پارلیمنٹ گیرٹ وائلڈرز کے قتل پر اکسانے کے جرم میں 12 سال قید کی سزا سنا دی ہے۔
سابق پاکستانی کرکٹر خالد لطیف نے ایک ویڈیو پیغام میں وائلڈرز کو قتل کرنے والے کیلیے 21,000 یورو انعام کا اعلان کیا تھا، کیونکہ گیرٹ وائلڈرز نے نبی کریم ﷺ کے خاکے بنانے والوں میں ایک مقابلے کا اعلان کیا تھا۔
اس بات کا امکان بہت کم ہے کہ 37 سالہ خالد لطیف، جنہیں پیر کو غیر حاضری میں سزا سنائی گئی، اپنی سزا پوری کر پائیں گے۔
ڈچ حکام نے اس کیس پر کالد لطیف سے پوچھ گچھ کرنے کی بے سود کوشش کی اور پاکستان سے قانونی مدد کی درخواست بھی کی لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔
وائلڈرز نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مظاہرے شروع ہونے اور انہیں جان سے مارنے کی دھمکیوں کے بعد خاکوں کا مقابلہ منسوخ کر دیا تھا، وہ 2004 سے 24 گھنٹے ریاستی تحفظ میں ہیں۔