ایشیا کپ: بھارت نے پاکستان کو 228 رنز سے شکست دے دی

کولمبو: ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 228 رنز سے شکست دے دی۔ بھارت کے 357 رنز کے تعاقب میں پاکستان ٹیم 32 اوورز میں 128 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ نسیم شاہ اور حارث رؤف انجری کی وجہ سے بیٹنگ کیلئے نہیں آسکے۔

امام الحق 9، بابراعظم 10 اور محمد رضوان 2 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ فخر زمان 27، آغا سلمان 23، شاداب خان 6، افتخار احمد 23 اور فہیم اشرف 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ شاہین آفریدی 7 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

بھارت کی طرف سے کلدیپ یادیو نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ ہارڈیک پانڈیا، شاردل ٹھاکر اور جسپریت بمراہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی اننگز میں 11 اوورز مکمل ہونے کے بعد میچ بارش کی وجہ سے روک دیا گیا تھا۔ میچ روکے جانے سے قبل فخر زمان 14 اور محمد رضوان ایک رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے اور پاکستان دو وکٹوں کے نقصان پر 44 رنز بناچکا تھا۔

قبل ازیں کولبو میں اتوار کو بارش کے باعث ملتوی کیا گیا میچ آج پیر کو ریزرو ڈے میں بھی تاخیر سے شروع ہوا۔ بھارتی ٹیم نے 24.1 اوورز میں 147 رنز دو وکٹوں کے نقصان پر اپنی بیٹنگ شروع کی۔

بھارت نے ویرات کوہلی اور کے ایل راہول کی شاندار سنچریوں کی بدولت پاکستان کو جیت کیلئے 357 رنز کا بڑا ہدف دیا۔ بھارت نے 50 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 356 رنز بنائے۔ پاکستانی بولرز آج کے دن کوئی وکٹ نہیں لے سکے۔ بھارت کی طرف سے ویرات کوہلی 122 اور کے ایل راہول 111 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

قبل ازیں پاکستان اور بھارتی ٹیم کے اسٹیڈیم پہنچتے وقت بارش شروع ہوئی اور چند گھنٹوں بعد بارش تھم گئی تاہم اوورز میں کوئی کمی نہیں کی گئی۔ پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف ریزرو ڈے پر بھارت کے خلاف میدان میں نہیں اتریں گے کیونکہ وہ سائیڈ اسٹرین کا شکار ہوگئے تھے۔