وفاقی حکومت کی جانب سے قیمتوں کے تعین کو چیلنج کیا گیا تھا، فائل فوٹو
وفاقی حکومت کی جانب سے قیمتوں کے تعین کو چیلنج کیا گیا تھا، فائل فوٹو

لاہور ہائیکورٹ کو چینی کی قیمت کیس کا فیصلہ 30 روز میں کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے چینی کی قیمتوں سے متعلق ہائیکورٹ کو کیس کا 30 روز میں فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی۔

وفاقی حکومت کی جانب سے چینی کی قیمتیں مقرر کیے جانے کے خلاف کیس کی سماعت جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔

عدالت نے ہدایت کی کہ ہائیکورٹ روزانہ کی بنیاد پر کیس سن کر 30 روز میں فیصلہ کرے، ہائیکورٹ میں معاملہ 20 ستمبر کو مقرر ہے۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ ہائیکورٹ کے عبوری حکم کے خلاف کیس ہے ابھی حتمی فیصلہ نہیں آیا۔ وکیل شوگز ملز نے کہا کہ ہائیکورٹ میں کیس 20 ستمبر کو مقرر ہے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ سپریم کورٹ نے شوگر ملزم کو قیمتوں کے فرق کو عدالت میں جمع کروانے کا حکم دیا تھا،وفاقی حکومت کی جانب سے قیمتوں کے تعین کو چیلنج کیا گیا تھا، ہائیکورٹ نے صوبائی حکومت کے مقررہ نرخ کو بھی معطل کر دیا ہے۔ 98 روپے فی کلو قیمت تھی لیکن اب شوگر ملز 200 روپے میں فروخت کر رہی ہیں۔ عدالت قیمت کے فرق کو تو رجسٹرار آفس میں جمع کروانے کا حکم دے۔

جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیے کہ کیس میں جلدی کس بات کی ہے ہائیکورٹ سن کر فیصلہ کر دے گی۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ وقت گزرنے کے بعد ریکوری مشکل ہو جائے گی، جس پر جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیے کہ کیا ملز مالکان ملیں اٹھا کر بھاگ جائیں گے۔