سکھر: پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ افغانستان میں موجود امریکی اسلحہ سندھ کے کچے کے ڈاکووں کے پاس پہنچ چکا، اب اندازہ ہوتا ہے کہ عمران خان کی دہشت گردوں کو ملک میں بسانے کی پالیسی کتنی خطرناک تھی۔
سکھر میں شہید کیے گئے صحافی جان محمد مہر کے اہل خانہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ جان محمد مہر کے اہل خانہ سے تعزیت کے لیے آئے ہیں اس قتل کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے جان محمد مہر کے خاندان کو انصاف دلائیں گے، شہید کے اہل خانہ اور پریس کلب کے مطالبے پر جان محمد مہر کے قتل کیس کی جے آئی ٹی بنائی گئی امید تھی کہ اس میں پیش رفت ہوگی مگر ایسا نہ ہوا۔
انہوں ںے کہا کہ کچے میں پولیس افسروں نے جان کے نذرانے پیش کیے، کچے کے ڈاکوئوں کے پاس جدید اسلحہ کہاں سے پہنچا، افغانستان میں امریکی اسلحہ دہشت گردوں کے پاس پہنچ چکا ہے، یہ امریکی اسلحہ صرف کے پی نہیں بلکہ ہمارے کچے کے علاقوں میں بھی پہنچ چکا کیوں کہ وہ ہتھیار جو امریکی فوج نے افغانستان میں استعمال کیے آج وہ کچے کے دہشت گردوں کے پاس موجود ہیں۔