ایشیا کپ: پاک لنکا میچ سے قبل بادلوں اور سورج میں آنکھ مچولی

کولمبو (اُمت نیوز) ایشیا کپ کے فائنل میں کون بھارت سے ٹکرائے گا، فیصلہ آج پاکستان اور سری لنکا کے میچ میں ہوجائے گا، میچ سے قبل کولمبو میں بادلوں اور سورج کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے۔
رات سے ہونے والی بارش کا سلسلہ ابھی تھم گیا ہے جبکہ آسمان پر بادل چھائے ہوئے ہیں اور تیز ہوائیں چل رہی ہیں۔
سری لنکا کے محکمہ موسمیات نے آج کولمبو میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے، تین مختلف اوقات میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ بارش کے باعث میچ مکمل نہ ہوسکا تو پاکستان ایشیا کپ سے باہر ہوجائے گا جبکہ بھارت اور سری لنکا فائنل کھیلیں گے۔