بنگلا دیش (اُمت نیوز)بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکا کی مارکیٹ میں آتشزدگی سے ہزاروں دُکانیں جل گئیں۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ڈھاکا کی مارکیٹ میں آگ لگنے کا واقعہ آج صبح دُکانیں کُھلنے سے قبل پیش آیا، کوکنگ آئل اور پلاسٹک جیسی اشیا کی بڑی مقدار کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیل گئی۔ حکام کے مطابق فوجی دستوں اور فائر فائٹرز نے 6 گھنٹے بعد آگ پر قابو پالیا، دُکانیں بند ہونے کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
https://x.com/ruchib1975/status/1702216151890059365?s=20
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق فائر سروس کے اہلکار شاہ جہاں سکدر کا کہنا ہے کہ آگ ممکنہ طور پر بجلی کے شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی۔.
واضح رہے کہ ڈھاکا میں گنجان آبادی اور عمارتوں میں نا مناسب حفاظتی اقدامات کے باعث حالیہ برسوں میں آگ لگنے کے واقعات میں تیزی آئی ہے۔ آتشزدگی کے یہ واقعات عموماً ناقص گیس سلنڈر، ایئر کنڈیشنرز اور بجلی کی خراب وائرنگ کی وجہ سے پیش آتے ہیں۔ اس سے قبل رواں سال اپریل میں بھی ڈھاکا کے شاپنگ مال میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں کئی فائر فائٹرز زخمی اور 5 ہزار سے زائد دُکانیں جل گئی تھی۔