کراچی: نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے اہم قدم اٹھا لیا، کچے میں انٹرنیٹ کی سہولت ختم کرنےکا حکم ، فوج کیساتھ ملکر آپریشن کا فیصلہ کر لیا گیا ۔
نگران وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری ڈاکٹر فخر عالم، آئی جی سندھ رفعت مختار سمیت پرنسپل سیکریٹری حسن نقوی، ایڈووکیٹ جنرل، پراسیکیوٹر جنرل اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔
اجلاس میں آئی جی سندھ نے کابینہ کو صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی۔اس دوران سندھ کابینہ نے کچے میں پولیس، رینجرز اور فوج کے ساتھ آپریشن کا فیصلہ کیا۔
نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ کچے میں اچھی شہرت کے حامل پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے جائیں اور جو پولیس والے اچھی کارکردگی نہ کریں ان کو تبدیل کریں۔نگران وزیراعلیٰ جسٹس (ر) مقبول باقر نے حکم دیا کہ کچے کے علاقے میں انٹرنیٹ کی سہولت فوری ختم کی جائے، گھوٹکی کندھ کوٹ پل کی تعمیرکےکام کا آغاز کیاجائے۔
آئی جی نے بتایا کہ 2023 میں 218 لوگ اغوا ءہوئے جن میں سے 207 بازیاب ہوئے اور 11 لوگ ابھی تک یرغمال ہیں۔اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی کو مغویوں کو فوری بازیاب کرانے کی ہدایت کی۔