کولمبو: ایشیا کپ سپر فور مرحلے کا آخری میچ کولمبو میں کھیلا جا رہا ہے، پاکستان نے سری لنکا کو 252 کا ہدف دے دیا۔ قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان اور عبداللہ شفیق نے ففٹیز بنائیں۔
ایشیا کپ کے سپرفور مرحلے کے اہم ترین میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ محض 9 رنز پر پاکستان کو پہلا نقصان فخر زمان کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ اوپنر فخر 11 گیندوں پر صرف 4 رنز اسکور کیے۔
دوسرے اوپنر عبداللہ شفیق نے عمدہ کھیلتے ہوئے ففٹی بنائی۔ انھوں نے 69 گیندوں پر 52 رنز کی اننگ کھیلی۔ پاکستانی کپتان بابر اعظم اس میچ میں بھی بڑی اننگ نہ کھیل سکے، اور 29 رنز بناکر آوٹ ہوگئے۔
ایشیا کپ میں سری لنکا کےخلاف فائنل الیون کا حصہ بننے والے محمد حارث بھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور محض 3 رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے۔ کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیتنے کے بعد بات کرتے ہوئے کہا کہ دوسری اننگزمیں بیٹنگ آسان نہیں ہوگی، اس لئے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور زیادہ سے زیادہ رنزبنانے کی کوشش کریں گے۔ کپتان بابراعظم نے بتایا کہ امام الحق کی جگہ فخرزمان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
میچ وقت پر شروع نہ ہونے کے باعث پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے مابین اس اہم میچ کو 45، 45 اوورز تک محدود کردیا گیا ہے، میچ کا وقت شام 4 بجے تھا، تاہم میچ سے قبل ہی بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا اور کرکٹ پچ کو ڈھک دیا گیا اور مقابلہ تاخیر کا شکار ہو گیا۔
کولمبو اسٹیڈیم میں شیڈولڈ میچ کو سیمی فائنل کی تصور کیا جا رہا ہے مگر اس میچ کے دوران بارش کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔