کراچی (اسٹاف رپورٹر) کےالیکٹرک کا بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن، 196 مقدمات درج کرادیے گئے ۔ ترجمان کے مطابق حکومت پاکستان کی ہدایت اور بجلی کی چوری پر قومی مہم کے دوران کے۔ الیکٹرک نے بھی بجلی چوری کے خلاف کارروائیاں شروع کردی ہیں۔پاور یوٹیلیٹی نے 20لاکھ یونٹس اور12کروڑ 30لاکھ روپے کی بجلی کی چوری کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں 196 ایف آئی آر درج کرادی ہیں۔ان 20لاکھ یونٹس میں سے 15لاکھ یونٹس چوری کرنے کا الزام صرف 20 صارفین پر ہے۔
ان میں غیرقانونی ہائیڈرنٹس اور جنریٹر مافیا شامل ہے، جو غیرقانونی طور پر بجلی چوری کرکے مختلف علاقوں میں فروخت کرتے ہیں ،کے۔ الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مونس علوی کا کہنا ہے کہ بجلی کی چوری روکنے کے لیے بروقت اور فوری کارروائی بہت ضروری ہے۔ یہ نہ صرف بجلی کی بلاتعطل فراہمی میں رکاوٹ ہے بلکہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کا باعث بھی ہے، جس کی وجہ سے گردشی قرضوں میں اضافہ ہورہا ہے۔ اس جرم کی سزا دینا بجلی کی بہتر فراہمی اور صارفین کی حفاظت کے لیے ضروری ہے۔ ہم حکومت سندھ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شکرگزار ہیں، جو اس جرم کی روک تھام اور مجرموں کو سزا دلوانے میں تعاون کررہے ہیں۔
اس سے ایک ترقی پسند شعبے کی راہ ہموار ہوتی ہے۔رواں سال کے آغاز سے اب تک کے۔ الیکٹرک نے 14,000 سے زائد غیرقانونی کنڈا ہٹانے کی مہم چلائی ہیں۔ ان ہٹائے گئے کنڈوں کی تاروں کا کُل وزن 130,000 کلو گرام سے زائد ہے۔ کے۔ الیکٹرک کی صارفین سے اپیل ہے کہ وہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے بجلی چوری کے خلاف کارروائیوں میں کمپنی سے تعاون کریں۔