کراچی: جے یو آئی سندھ کا وفد نے سیکریٹری جنرل مولانا راشد سومرو کی قیادت میں بہادرآباد میں ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی اراکین سے ملاقات کی، ملاقات میں رہنماوں نے سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور آئندہ الیکشن میں مشترکہ لائحہ عمل اپنانے پر غور کیا۔
بعد ازاں پریس کانفرنس میں راشد سومرو نے کہا کہ جی ڈی اے اور متحدہ کے ساتھ ملکر حقوق کی جدوجہد کریں گے، کراچی تا کشمور کرپشن کی یکساں داستانیں ہیں، اندرون سندھ لوگ اغواء ہورہے ہیں، سندھ میں ہونے والی ٹرانسفرز اور پوسٹنگز پر اعتراض ہے، امن و امان کی صورتحال پر بھی مشترکہ حکمت عملی اختیار کریں گے، پیپلز پارٹی وڈیرے، جاگیرداروں کی جماعت ہے۔ سیلاب متاثرین کے نام پر اربوں روپے خرد برد کئے گئے۔
اس موقع پر ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار نے کہا کہ الیکشن کمیشن تحفظات دور نہیں کرے گا تو مشترکہ لائحہ عمل دیں گے۔مستونگ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہیں، دکھ کی گھڑی میں جے یو آئی کے ساتھ ہیں، حملے کے پس پردہ کرداروں کو بے نقاب کرکے سزا دی جائے۔