لاہور: ماہ ربیع الاول کا چاند دیکھنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ وزارت مذہبی امور، حج و بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر انتظام مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل ہفتہ کو اسلام آباد میں ہو گا۔اجلاس کی صدارت چیئر مین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید عبد الخبیر آزاد کریں گے ۔مرکزی اجلاس کی معاونت کے لئےلاہور، کراچی، کوئٹہ، اور پشاور میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس منعقد ہوں گے ۔
لاہور میں اجلاس ایوان اوقاف میں ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور پنجاب آصف علی فرخ کی زیر صدارت منعقد ہو گا۔ سیکرٹری جنرل رویت ہلال ریسرچ کونسل پاکستان خالد اعجاز مفتی نے ”92“ نیوز سے گفتگو میں کہا کہ کل29 صفر ہفتہ 16 ستمبر کی شام لاہور، کراچی ، کوئٹہ اور جیوانی میں مطلع صاف ہوا تو ہلال کی رویت بآسانی ہو جائے گی۔ یکم ربیع الاول اتوار 17 ستمبر 2023ءکو اور عید میلاد النبیﷺ جمعرات 28 ستمبر کو ہو گی۔ نیا چاند آج جمعہ 15 ستمبر کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 6 بج کر 40 منٹ پر پیدا ہو گا۔
کل ہفتہ کی شام غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر جو کم از کم 19 گھنٹوں سے زائد ہونی چاہیے، وہ 35 گھنٹوں سے بھی زائد ہو چکی ہوگی۔ غروبِ شمس اور غروبِ قمر کے درمیان فرق جو کم از کم 40 منٹ ہونا چاہیے، وہ کراچی اور جیوانی میں 50 منٹ، کوئٹہ میں 47 منٹ، لاہور میں 46 منٹ، راولپنڈی اور پشاور میں 44 منٹ ہو گا۔چاند نظر آنے کی صورت میں عید میلاد النبیﷺجمعرات 28 ستمبر کو ہو گی۔
دریں اثنا اماراتی فلکیاتی بورڈ آف ڈائریکٹر کے چیئرمین ابراہیم الجرون کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں ربیع الاوّل کا چاند 16 ستمبر کو نظر آنے کا امکان ہے ۔