تیسرا ویمنز ون ڈے، پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 8 وکٹوں سے ہرادیا

کراچی :  پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کی خواتین کرکٹ ٹیم کے خلاف تیسرا اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل 8 وکٹوں سے جیت لیا ۔ اس جیت میں بولرز کی عمدہ کارکردگی اور سدرہ امین اور بسمہ معروف کی نصف سنچریاں قابل ذکر رہیں ۔تین میچوں کی یہ سیریزدو ایک سے جنوبی افریقہ کے نام رہی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان کی خواتین ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش کیا تھا۔ نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں جنوبی افریقہ ویمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور پوری ٹیم 48.1 اوورز میں 185 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

جواب میں پاکستان ویمنز نے سدرہ امین اور بسمہ معروف کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کے نتیجے میں ہدف 38 اوورز میں صرف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ پاکستان ویمنز نےاس میچ میں تین تبدیلیاں کیں۔ فاطمہ ثنا۔ ام ہانی اور سدرہ نواز کی جگہ عمیمہ سہیل ۔ ڈیانا بیگ اور وحیدہ کو موقع دیا گیا۔ جنوبی افریقہ ویمنز کو اپنی اننگز کے پہلے ہی اوور میں کپتان لورا ووفارٹ کا نقصان برداشت کرنا پڑا جنہیں سعدیہ اقبال نے صفر پر بولڈ کردیا جس کے بعد پاکستانی بولرز کی عمدہ کارکردگی کے نتیجے میں مہمان ٹیم کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔

نیدین ڈی کلرک نے تین چوکوں کی مدد سے60 رنز بنائے ۔یہ ان کی ون ڈے انٹرنیشنل میں پہلی نصف سنچری ہے۔ ٹیزمین برٹس نے32 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان ویمنز کی طرف سے سعدیہ اقبال ۔نشرہ سندھو اور ندا ڈار نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان ویمنز کی اوپنرز سدرہ امین اور صدف شمس نے39 رنز کا آغاز دیا۔ صدف شمس 13رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔ سدرہ امین اور بسمہ معروف کے درمیان دوسری وکٹ کی شراکت میں بننے والے 110 رنز نے پاکستانی ٹیم کی جیت کو ممکن بنادیا۔ سدرہ امین چھ چوکوں کی مدد سے 68 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔بسمہ معروف نے 60 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئیں۔ان کی اننگز میں پانچ چوکے شامل تھے عالیہ ریاض چار چوکوں کی مدد سے 19 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔