لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن انتخابات کی فوری تاریخ دے ، لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کی جائے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام الیکشن کی تاریخ کےاعلان سے ختم ہوسکتا ہے، تمام سیاسی جماعتوں کولیول پلئینگ فیلڈ ملنی چاہیئے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سی ای سی میں سیاسی و معاشی بحران پر بات ہوئی، سی ای سی میں ملک میں آئینی بحران پر بحث ہوئی، الیکشن کمیشن انتخابات کی فوری تاریخ دے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام پیٹرول، بجلی اور چینی کی قیمتوں میں اضافے سے پریشان ہیں، پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں کوآفت زدہ قرار دیا جائے، سی ای سی کا طویل اجلاس ہوا جس میں تمام رہنماؤں نے رائے پیش کی، لیول پلئینگ فیلڈ پراعتراضات آصف زرداری کے سامنے رکھے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہونے کے بعد منشور پر بات ہوگی، سیاسی اتحاد پر بھی الیکشن کی تاریخ کے اعلان کے بعد بات ہوگی، انتخابی حکمت عملی الیکشن کی تاریخ کے اعلان کے بعد بتائیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی خود کو کسی ایک صوبےتک محدود نہیں سمجھتی، پیپلزپارٹی کسانوں اور مزدوروں کی آواز ہے، پیپلزپارٹی کو سیاسی عمل سے باہر رکھنے کی کوشش کی گئی، 2013 میں آر اوز الیکشن سے پیپلزپارٹی کو پیچھے رکھا گیا۔
انھوں نے کہا کہ سازش کے ذریعے ایک صوبے کےعوام کو پارٹی سے دور رکھا گیا، کردار کشی کی مہم میں ایک سیاسی جماعتوں کو نشانہ بنایا گیا، پیپلز پارٹی کو غیرجمہوری انداز میں باہر رکھنے والے آج نقصان اٹھارہے ہیں، ایک اتحادی مشکل میں پاؤں اور مشکل کے بعد گلا پکڑتے ہیں۔
سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ جنرل پاشا، افتخار چوہدری اور ایک سیاسی جماعت نے 2013 میں سازش کے تحت پیپلز پارٹی کو پنجاب سے نکالا، بعد میں اس کا خود ہی نقصان اٹھایا۔
انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ سے یہی فیصلہ متوقع تھا، احتساب سب کا ہونا چاہیے ہم نے پہلے بھی کیسز دیکھے ہیں، اب بھی تیار ہیں، پیپلز پارٹی کیلیے نیب کوئی چیز نہیں۔