اسلام آباد: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے انتخابات کی تاریخ کا تعین کرنا نگران حکومت کا کام نہیں ، نگران وزیراعظم کی طرف سے انتخابات کی تاریخ کا اعلان غیر قانونی ہوگا، کسی بھی غیرآئینی اقدام کی حمایت نہیں کریں گے، جتنے بھی وقت کیلئے رہیں بھرپور طریقے سے کام کریں گے ۔اسلام آباد میں اجلاس سے خطاب اورمیڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نےکہا صوبائی وزراء اعلیٰ، چیف سیکرٹریز اور آئی جیز کے اجلاس میں ذخیرہ اندوزی، اسمگلنگ اور بجلی چوری کی روک تھام کیلئے اہم فیصلے کئے گئے اور ان پر عملدرآمد اور مانیٹرنگ کے میکنزم پر بھی غور کیا گیا، عوام کو جو بھی ریلیف ممکن ہو گادیا جائے گا ، ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کا گٹھ جوڑ توڑنا ہوگا، بجلی چوری ،ذخیرہ اندوزی ،اسمگلنگ کی روک تھام میں کوتاہی برداشت نہیں کریں گے،کرنسی کی غیر قانونی انڈسٹری پر کریک ڈائون مسلسل جاری رہے گا۔
غیرقانونی پناہ گزینوں کو واپس بھیجا جائے گا۔ میڈیا پرقدغنوں کا تاثر درست نہیں،خطے میں سب سے زیادہ اظہار رائے کی آزادی پاکستان میں ہے۔نگران وزیراعظم نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نواز شریف تین بار ملک کے وزیراعظم رہے ، ان سے وہی رویہ اختیار کیا جائےگا جو ان کا حق ہے، نیشنل گرینڈ ڈائیلاگ کی کوئی تجویز ابھی زیرغور نہیں، فوجی افسران کی تعیناتی کے حوالے سے ملک کے بہترین مفاد میں فیصلہ کیا جائے گا۔
نگران وزیراعظم سے اسلامک آرگنائزیشن فار فوڈ سکیورٹی کے ڈائریکٹر جنرل یرلان بائیدولت نے ملاقات کی ۔اسلامک آرگنائزیشن فار فوڈ سکیورٹی کے وفد نے پاکستان میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی زیر سرپرستی لیے گئے اقدامات کا خیر مقدم کیا اوراپنے بھرپور تعاون کا اعادہ کیا۔نگران وزیرِاعظم سے وزیرِ نجکاری فواد حسن فواد نے ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے فواد حسن فواد کو مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہارکیا۔دریں اثناء نگران وزیراعظم نے وفاقی ملازمین کوسرکاری رہائشگاہ غیرمعمولی تاخیرسے الاٹمنٹ کے معاملہ کا نوٹس لے لیا،وفاقی سرکاری ملازمین کے ہاؤسنگ سے متعلق مسائل حل کرنے کیلئے سٹیئرنگ کمیٹی قائم کر دی۔