اسلام آباد(اُمت نیوز)قومی کرکٹ ٹیم کے اہم فاسٹ بولر کی ورلڈ کپ 2023 میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔
کرک انفو کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کے دائیں کندھے میں چوٹ لگنے کے بعد ان کے ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے کا امکان ہے۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ فاسٹ بالر کی انجری پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) دوسری رائے طلب کر رہا ہے لیکن دبئی میں کیے گئے ٹیسٹ کے اسکین سے ظاہر ہوتا ہے کہ انجری سے پورے سال کے لیے ٹیم سے باہر رہ سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سال کے اختتام پر آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ان کی شرکت پر مشکوک ہے جب کہ ان کا پاکستان سپر لیگ کے اگلے سیزن سے بھی باہر رہنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ایشیا کپ سپُر فور مرحلے میں بھارت کے خلاف میچ کے دوران انجری کا شکار ہوگئے تھے۔
ایشیا کپ میں نسیم شاہ کی جگہ زمان خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا جب کہ ایک اور ممکنہ متبادل محمد حسنین بھی اس وقت انجری کا شکار ہیں۔