کراچی(اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ میرے پاس وزیرِاعلیٰ کی اجازت سے بم پروف گاڑی تھی، نگراں وزیرِ داخلہ نے کہا کہ انہیں وہ گاڑی چاہیے، میں نے واپس کردی، مجھے تھریٹس ہیں،نگراں وزیرِاعلیٰ سے بم پروف گاڑی کی درخواست کی ہے۔واٹربورڈ آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں کہا کہ کراچی کے شہری واٹرمافیا سے پریشان ہیں،کراچی کے مسائل میں اہم مسئلہ پانی کا ہے،ہم نے کوشش کی ہے کہ شہریوں کو ریلیف فرائم کیا جائے۔میئر کراچی نے کہاکہ شہری پانی کے بل ادا کرنے کو تیارہیں،کراچی کا بنیادی مسئلہ پانی کی سپلائی میں قلت ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ کینجھر اور حب ڈیم سے پانی کی فراہمی کو بڑھانے کی کوشش کریں گے، حب ڈیم کی لائن کی مرمت کا کام جاری ہے جس کے بعد لائن سے زیادہ پانی کراچی کو فراہم کیا جا سکے گا۔
مرتضی وہاب نے بتایا کہ عدالتوں میں مقدمات کی تعداد زیادہ ہے، پانی کے مقدمات کے لیے اسپیشل کورٹ کو متعارف کرایا ہے، اس وقت 7 ہائیڈرنٹس چل رہے ہیں اور ان کے پیسے واٹر بورڈ کو ملتے ہیں، واٹر ہائیڈرنٹس میں میٹر لگائے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا ہے کہ ہم نے 7 ہائیڈرنٹس کے ٹینکرز پر ٹریکر بھی لگائے ہیں، جو ٹینکر سپلائی کے دوران ٹریکر سے منقطع ہو گا اس کے خلاف کارروائی ہوگی،ہم نے 87 واٹر ٹینکر جو ٹریکر کے بغیر چل رہے تھے ان کے خلاف کارروائی کی ہے۔
میئر کراچی نے کہاکہ اب واٹر مافیا کے خلاف کارروائی میں پولیس اور رینجرز بھی ہمارے ساتھ ہیں، اب تک 17 مقدمات کراچکے ہیں اور 75 افراد کو گرفتارکیا ہے، ہم نے جنجال گوٹھ، تین ہٹی اور محمود آباد میں کارروائی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ اے، لیاری اور بلدیہ میں پانی کی سپلائی اب بہتر ہو چکی ہے، صنعت کار ہمیں بتائیں کہ کتنا پانی استعمال ہوتا ہے۔مرتضی وہاب نے کہا کہ کے فور منصوبے کا افتتاح 5 بار ہوا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے کے فور پر کام رکوا دیا اور کہا کہ وفاق اب کے فور پر کام کرے گا۔میئر کراچی نے کہا کہ ہمارے کسی شخص نے نہیں کہا کہ سب بہتر ہے، میں شہر کو اچھی امید دلانا چاہتا ہوں، روز صبح 11 بجے کچھ لوگ آ کر کہتے ہیں کچھ نہیں ہو رہا۔