لکی مروت: پولیس اور مقامی لوگوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ لکی مروت میں تھانہ سرائے گمبیلا کے حدود بچکن احمد زئی کے قریب پولیس اہلکاروں پر فائرنگ ہوئی جس میں اے ایس آئی سمیت تین اہلکار زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں پی ایس آئی آصف اقبال، کانسٹیبل حبیب الرحمن، کانسٹیبل جاوید خان شامل ہیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق پولیس کو اشتہاریوں کی اطلاع ملی جس پر پولیس پارٹی نے کارروائی کی۔ اس دوران پولیس پر فائرنگ کی گئی جس سے پی ایس آئی سمیت تین اہلکار زخمی ہو گئے۔ تمام زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق احمد زئی لوانگ خیل میں 10 سالہ بچے کے حادثاتی طور پر فائرنگ لگنے سے جاں بحق ہونے پر صلح کے لئے جانے والے مشران کو راستے میں پولیس نے روک لیا۔
پولیس نے مقامی لوگوں سے اسلحہ لینے کی کوشش کی جس پر تلخ کلامی ہوئی جس کے باعث پولیس نے فائرنگ کی۔ واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں۔