کثیر الملکی مشق برائٹ اسٹار: پاک فضائیہ کے طیاروں کی مثالی کارکردگی

اسلام آباد : پاک فضائیہ کے مطابق مصر کے محمد نقیب فوجی اڈے پر ہونے والی کثیرالملکی برائٹ اسٹار 2023 فضائی مشقوں میں پاک فضائیہ کے دستے اور اس کے جدید JF 17 تھنڈرلڑاکا طیاروں نے مثالی کارکردگی کامظاہرہ کیا ۔ پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق دوہفتوں پر محیط ان مشقوں میں پاکستان ، امریکا ، برطانیہ، سعوی عرب، عمان ، اردن، یونان اور قطر سمیت 30 ملکوں نے حصہ لیا۔

ترجمان کے مطابق اس کامیاب شرکت نے نہ صرف علاقائی اور بین الاقوامی تعاون کے پاک فضائیہ کے عزم کو تقویت بخشی بلکہ متنوع اور چیلنجنگ ماحول میں اسکی کارکردگی اور بھرپور صلاحیتوں کو بھی اجاگر کیا۔سنہ 1977 میں امریکا اور مصر کے مابین دو طرفہ تربیتی پروگرام کے طور پر شروع ہونے والی برائٹ سٹار آج ایک قابل ذکر بین الاقوامی مشق کی حیثیت سے جانی جاتی ہے۔ اس مشق نے بین الاقوامی افواج کے مابین باہمی کاروائیوں کو بہتر بنا کر ان ممالک کے مابین علاقائی ہائبرڈ خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے مشترکہ تربیت کو فروغ دیا ہے۔

پاک فضائیہ نے مشق کی اسٹریٹجک اہمیت کے پیش نظر اور علاقائی استحکام و بین الاقوامی تعاون کے اپنے عزم کی تائید کرتے ہوئے ان مشقوں میں سرگرمی سے حصہ لیا۔ پاک فضائیہ کے دستے نے مشق کے دوران غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے فخر پاکستان جے ایف-17 تھنڈر طیارے کی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ مشق کے دوران سخت تربیت اور حقیقت پر مبنی فضائی جنگ کے منظرناموں کے پیش نظر پاک فضائیہ نے اس فضائی مشق میں اپنی بھرپور آپریشنل تیاری اور عصر حاضر کے سٹریٹجک چیلنجز سے نمٹنے کے اپنے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ اس انتہائی اہم مشق میں پاک فضائیہ کی نمایاں شمولیت عالمی امن اور سلامتی کے حوالے سے اسکے پختہ عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

فضائی مشق برائٹ سٹار 2023 کے ذریعے پاک فضائیہ نے ایک بار پھر سے اپنی شاندار روایات کو برقرار رکھتے ہوئے عالمی برادری کے ساتھ مضبوط شراکت داری کو فروغ دینے کے اپنے عہد کی پاسبانی کی ہے۔ پاک فضائیہ عصرحاضر کے ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اپنی صلاحیتوں میں مزید نکھار لانے اور مستقبل کے سکیورٹی خطرات کے پیش نظر اتحادی ممالک کی فضائی افواج کے ساتھ باہمی تعاون کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔