اسلام آباد : جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے چیف جسٹس آف پاکستان بننے کے بعد سپریم کورٹ ججوں کی سنیارٹی لسٹ بھی تبدیل ہو گئی جبکہ سپریم جوڈیشل کونسل اور جوڈیشل کمیشن کے ممبران کی بھی ترتیب تبدیل ہو گئی ہے۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے بعد جسٹس سردار طارق مسعود سینئر موسٹ جج بن گئے ہیں جبکہ ان کے بعد جسٹس اعجاز الاحسن اور پھر جسٹس منصور علی شاہ ہیں۔باقی جج بھی سنیارٹی میں بالترتیب ایک درجہ اوپر آگئے ہیں۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی ریٹائرمنٹ کی وجہ سے اب سپریم کورٹ میں چیف جسٹس سمیت کل 15 جج ہیں اور دو اسامیاں خالی پڑی ہیں۔سپریم جوڈیشل کونسل میں اب جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سربراہ بن گئے ہیں جبکہ جسٹس اعجاز الاحسن سپریم جوڈیشل کونسل کے رکن بن گئے جبکہ جسٹس سردار طارق پہلے ہی سپریم جوڈیشل کونسل کا حصہ ہیں۔چیف جسٹس پاکستان اور 2 سینئر ترین جج سپریم جوڈیشل کونسل کا حصہ ہوتے ہیں۔
علاوہ ازیں چیف جسٹس کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن میں جسٹس منیب اختر اس کا حصہ بن گئے ہیں جبکہ جسٹس سردار طارق مسعود، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منصور علی شاہ پہلے ہی جوڈیشل کمیشن کا حصہ ہیں۔جوڈیشل کمیشن کے سربراہ چیف جسٹس پاکستان اور 4 سینئر جج رکن ہوتے ہیں جبکہ کمیشن کے دیگر ارکان میں ایک ریٹائرڈ جج، وزیرِ قانون، اٹارنی جنرل اور بار کونسل کا نمائندہ شامل ہوتے ہیں۔