جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو آخری ون ڈے میں شکست دیکر سیریز جیت لی

جوہانسبرگ (اُمت نیوز) جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو آخری ون ڈے میچ میں 112 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز 2-3 سے جیت لی۔
جنوبی افریقی ٹیم 0-2 کے خسارے کے بعد مسلسل تین میچز جیت کر سیریز جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔
جوہانسبرگ میں کھیلے گئے سیریز کے آخری میچ میں جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 316 رنز کا ہدف دیا۔
جنوبی افریقی بلے باز ایڈن مارکرم نے 93 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ ڈیوڈ ملر نے 63، مورکو جانسن نے 47 اور اینڈائل پھیخلوکوائیو نے 39 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم 34.1 اوورز میں 193 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی، آسٹریلوی کپتان مچل مارش نے 71 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ مارنس لبوشین نے 44 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے مورکو جانسن نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، کیشو مہاراج نے 4 آسٹریلوی بلے بازوں کو پویلین لوٹایا۔
مورکو جانسن کو بہترین آل راؤنڈ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ ایڈن مارکرم سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔