اسلام آباد (اُمت نیوز) نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78 ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کیلئے پُرجوش ہوں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری کردہ بیان میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ امریکا کے 5 روزہ اہم دورے پر روانہ ہوا ہوں، دورے کے دوران عالمی ماحولیاتی چیلنجز، عالمی رہنماؤں سے بات چیت کروں گا، بین الاقوامی میڈیا اور ٹاپ تھنک ٹینک سے تبادلہ خیال کروں گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ 5 روزہ دورہ امریکا کیلئے روانہ ہوئے تھے۔
نگران وزیر اعظم امریکا میں منعقدہ عالمی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس میں شرکت کریں گے اور عالمی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے، انوار الحق کاکڑ عالمی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے۔