امریکا کا جدید ترین لڑاکا طیارہ لاپتا

نیو یارک: امریکا کا سب سے مہنگا جنگی طیارہ ایف 35 لاپتا ہوگیا، جدید ایئر کرافٹ کو ڈھونڈنے کیلئے عوام سے مدد طلب کرلی گئی ہے۔ امریکا کے فوجی حکام کا کہنا ہے کہ آج صبح ریاست ساؤتھ کیرولائنا میں پرواز کرتے ہوئے ایف 35 بی لڑاکا طیارہ لاپتا ہوگیا۔ طیارے کی تلاش کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق دوران پرواز کچھ فنی خرابی کی وجہ سے میرین کور کے پائلٹ نے پیراشوٹ سے چھلانگ لگا لی تھی۔ ایئربیس نے تصدیق کی ہے کہ پائلٹ با حفاظت طیارے سے نکل گیا تھا۔

امریکی فضائیہ کی چارلسٹن ایئربیس نے طیارے کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کی ہے۔طیارے کی تلاش کے دوران شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر عوام کو طیارے سے متعلق کوئی معلومات ہوں تو فوری طور پر بیس ڈیفنس آپریشنز سینٹر کے نمبر پر رابطہ کریں۔