آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کا ترانہ آج ریلیز کیا جائے گا

 

اسلام آباد(اُمت نیوز)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ 2023 کا آفیشل ترانہ ”دل جشن بولے“ آج ریلیز کیا جائے گا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس پر ترانے کی ریلیز کا اعلان کیا ہے، آئی سی سی کے مطابق ترانہ آج دوپہر 12 بجے ریلیز کردیا جائے گا۔
معروف میوزک ڈائریکٹر پریتم چکرورتی کی کمپوزیشن میں بننے والے اس ترانے میں مشہور بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ جلوہ گر ہوں گے۔
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مصروف شائقینِ کرکٹ ”دل جشن بولے“ کی ریلیز اس باوقار ٹورنامنٹ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔
اس ترانے کی ریلیز سرحد پار شائقین کو متحد کرنے اور کرکٹ کے لیے جذبہ پیدا کرنے میں پیش پیش ہے کیونکہ مختلف ممالک کی ٹیمیں آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ ٹرافی کے لیے مدِمقابل آتی ہیں۔
آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کا آغاز 5 اکتوبر کو بھارت کے شہر احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہوگا، جس میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ آمنے سامنے ہوں گے۔
واضح رہے کہ ورلڈکپ کا پہلا سیمی فائنل ممبئی، دوسرا کولکتہ میں ہوگا، فائنل 19 نومبر کو احمد آباد نریندر مودی میں کھیلا جائے گا۔
گرین شرٹس ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 11 میچز کھیلے گی جن میں سے 4 میچز حیدرآباد میں کھیلے جائیں گے۔ ان میں دو وارم اپ میچز اور دو گروپ میچزبھی شامل ہیں۔
توقع کی جارہی ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم 27 ستمبر کو دبئی کے راستے حیدرآباد پہنچے گا اور 6 اکتوبر کو حیدرآباد میں نیدرلینڈز کے خلاف ورلڈ کپ مہم کا آغاز کرے گا۔