کراچی: احتساب عدالت نے پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن کے خلاف پونے 6 ارب روپے کے کرپشن کیس پر ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ کیس کا ٹرائل جہاں رکا تھا وہیں سے شروع کیا جائے گا۔
کراچی کی احتساب عدالت میں رہنما پی پی پی اور سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن کے خلاف پونے 6 ارب کی کرپشن کیس کی سماعت ہوئی، شرجیل میمن سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے نیب ترامیم کے تحت عدالت کے دائرہ اختیار چیلنج کرنے کی ملزمان کی درخواست مسترد کردی اور آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کرلیا۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ کیس کا ٹرائل جہاں رکا تھا وہیں سے شروع کیا جائے گا، گواہان کو بلاتے ہیں اور کیس کو چلاتے ہیں ، کل سپریم کورٹ کا حکم نامہ ملا ہے، عدالت عظمی کے احکامات پر عمل کیا جائے گا۔ بعدازاں کراچی کی احتساب عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان اور ملزمان کو پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے ریفرنس کے سماعت 5 اکتوبر تک ملتوی کردی۔