یونیورسٹی روڈ، اسکیم 33، صفورہ، سرجانی میں تیز آندھی کے بعد بارش شروع ہوئی، فائل فوٹو
یونیورسٹی روڈ، اسکیم 33، صفورہ، سرجانی میں تیز آندھی کے بعد بارش شروع ہوئی، فائل فوٹو

کراچی میں بادل برس پڑے، موسم خوشگوار

کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ہلکی و تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

بدھ کے روز صبح کے اوقات میں شدید حبس  کے بعد اچانک شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بادل چھا گئے جب کہ کچھ مقامات پر بوندا باندی  ہوئی۔ بعد ازاں کئی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش  شروع ہوگئی۔ شدید حبس کے باعث پیدا ہونے والی گرمی کا زور ٹوٹنے سے موسم خوشگوار ہوگیا اور شہریوں نے سکون کا سانس لیا۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے،ملیر، ملیر کینٹ اور ایئرپورٹ کے اطراف کے علاقوں صدر ، ناظم آباد،سرجانی،شاہراہ فیصل پر تیز بارش ہوئی کلفٹن اور ڈی ایچ اے بھی تیز بارش ریکارڈ کی گئی،اس کے علاوہ عزیز آباد، ایف بی ایریا، صفورا سعدی ٹاؤن، پی ای سی ایچ ایس اور صدر میں بارش ریکارڈ کی گئی، شہری خوشگوار موسم سے لطف اندوز ہوتے رہے۔

کورنگی، ہاکس بے، ماڑی پور، سرجانی، شیر شاہ، کیماڑی، آئی آئی چندریگر روڈ کے علاقوں میں دوپہر کے بعد تیز بارش ہوئی ،محکمہ موسمیات نے شام تک مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

قبل ازیں محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں بدھ کے روز آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی تھی۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ کراچی میں آج مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔