لندن : برطانیہ میں نکمے نوجوانوں کی فہرست جاری کردی گئی ، جس میں پاکستانیوں نے میدان مار لیا، نوجوانوں کی اکثریت نہ تو ملازمت پر ہے اور نہ ہی تعلیم حاصل کر رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق برطانوی حکومت نے نکمے نوجوانوں کے اعداد وشمار جاری کردیئے ، جن میں پاکستانی نژاد برطانوی نوجوان نہ تو تعلیم اور نہ ہی نوکری کرنے والے میں سرفہرست ہیں۔ برطانوی حکومت کے سالانہ سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ برطانیہ میں 16 سے 24 سال کے پاکستانی نژاد نوجوانوں کی اکثریت نہ تو ملازمت پر ہے اور نہ ہی تعلیم حاصل کر رہی ہے۔
سروے رپورٹ میں بتایا گیا کہ برطانیہ میں اوسطاً ساڑھے گیارہ فیصد نوجوان نہ تو کسی تعلیم و تربیتی پروگرام کا حصہ ہیں اور نہ ہی کسی روزگار سے منسلک ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ان نوجوانوں میں سب سے زیادہ شرح پاکستانی نژاد نوجوانوں کی ہے، جو 14.3 فیصد ہے، جس کے بعد بارہ فیصد بنگلہ دیشی نژاد نوجوان ہے۔ سروے رپورٹ میں 11.7 فیصد برطانوی سفید فام، 11.5 فیصد سیاہ فام، جبکہ 11.3 فیصد دیگر ایشیائی ممالک سے تعلق رکھنے والے برطانوی نوجوان تعلیم اور تربیت سمیت کسی ملازمت کا حصہ نہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق 16 سے 24 سال کی عمر کے بھارتی اور چینی نوجوان برطانیہ میں مقیم دیگر قومیتوں سے تعلق رکھنے نوجوانوں کے مقابلے میں تعلیم، تربیت اور ملازمت میں آگے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ بھارتی نژاد 7.3 فیصد اور چینی نژاد 4.5 فیصد نوجوان تعلیم اور ملازمت سے دور ہیں۔