نیویارک : نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے عالمی سطح پر معاشی مساوات قائم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے پائیدار ترقی کیلئے کمزور ممالک کو وسائل فراہم کرنا ہوں گے۔ نیویارک میں جنرل اسمبلی کےاجلاس کے موقع پر ترقیاتی اہداف کیلئے وسائل اور سرمایہ کاری سے متعلق مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہا ترقی پذیرممالک کے پاس ترقیاتی اہداف حاصل کرنے کیلئے وسائل کی کمی ہے، قرض میں جکڑے ملکوں کیلئے لائحہ عمل تیار کرنا ہوگا، پائیدار ترقی کیلئے یکساں ترقی ضروری ہے،معاشی ناہمواری پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے،کووڈ19 کی عالمگیر وبا ، موسمیاتی تبدیلیوں اور تنازعات کے متعدد بحرانوں نے ترقی پذیر ممالک کی معیشت کو تباہ کر دیا ، غربت اور غذائی تحفظ میں ان تنازعات کے سبب اضافہ ہوا جبکہ اس میں اخلاقی طور پر دیوالیہ عالمی مالیاتی ڈھانچے کی وجہ سے مزید اضافہ ہوا ہے، پاکستان کوپ۔28 میں موسمیاتی انصاف بالخصوص 100 ارب ڈالر کلائمیٹ فنڈز کی فراہمی کے اعلان پر عملدرآمد کا متمنی ہے۔وزیراعظم نے ایس ڈی جیز سربراہ اجلاس کے اعلا میہ میں پاکستان اور دیگر ترقی پذیرممالک کی طرف سے پیش کی گئی بہت سی تجاویز شامل کرنے کا خیرمقدم کیا، ان میں کثیرالجہتی ترقیاتی بینکوں کی جلد سرمایہ کاری، خصوصی ڈرائینگ رائٹ کی دوبارہ چینلنگ ، بین الاقوامی مالیاتی فن تعمیر کی ترقی اور اصلاحات اور سیکرٹری جنرل کی ایس ڈی جیز محرک کی توثیق شامل ہیں۔ وزیراعظم نے ان معاہدوں پر فوری عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے جنرل اسمبلی کا ورکنگ گروپ بنانے کی تجویز دی۔