اسلام آباد: نیب ترامیم کالعدم قرار دیئے جانے کے بعد اہم پیشرفت سامنے آگئی۔ نیب قانون میں تبدیلی کے بعد بند کئے گئے 486 ریفرنسز دوبارہ کھل گئے۔ 7 سابق وزرائےاعظم،14وزرائے اعلیٰ ،78وزراء ،176 پارلیمنٹرینز اور 114 افسران کے کیسز بحال ہوگئے۔ نیب حاضر سروس، ریٹائرڈ افسران، کاروباری شخصیات کے 450 سے زائد کیسز کی تحقیقات کا دوبارہ آغاز کرے گا۔ 460 ریفرنسز،270 تحقیقات، 456 انکوائریاں اور 623 شکایات کی تحقیقات دوبارہ شروع ہوں گی ۔سابق صدر آصف زرداری، بلاول بھٹو زرداری، مریم نوازشریف بھی نیب ریڈار پر ہونگی۔ شہبازشریف، شجاعت حسین، حامد ناصرچٹھہ کے کیسز بھی دوبارہ بحال ہوگئے۔نیب ترامیم کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر نیب کا ہنگامی اجلاس ہوا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کرانے کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ نیب اسلام آباد نے آئندہ دو سے تین دن میں کیسز کا ریکارڈ احتساب عدالت اسلام آباد میں جمع کرانے کا فیصلہ کیا۔تمام اہم کیسز کا ریکارڈ مرتب کر کے جمع کرایا جائے گا۔ یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویزاشرف، شوکت عزیز،سلمان شہباز، نصرت شہباز ، پرویزالٰہی، عثمان بزدار،حمزہ شہباز، اسلم رئیسانی کے کیسز بھی دوبارہ کھل گئے۔ عبدالقدوس بزنجو، پرویزخٹک، محمودخان اور قائم علی شاہ بھی تحقیقات کا سامنا کرینگے۔ مراد علی شاہ ،منظوروٹو، حیدر ہوتی، مالک بلوچ،ثنااللہ زہری، خواجہ آصف، عاطف خان، خواجہ سعد رفیق،سبطین خان کے کیسز بھی دوبارہ بحال ہوگئے۔
شہرام ترکئی، خسروبختیار، ہاشم جواں بخت، نصراللہ دریشک، حناربانی کھر کے کیس بھی بحال ہوگئے۔ پی پی پی کے 89 ،ن لیگ کے 62، تحریک انصاف کے 47 افراد کے کیسز بحال ہو ئے۔ ایم کیو ایم کے 8، ق لیگ اور جے یو آئی (ف) کے 12 سابق ارکان پارلیمنٹ کیخلاف کیس کھل گئے۔ 1809ریفرنسز،انوسٹی گیشنز، انکوائریاں اور شکایات دوبارہ کھل گئیں۔ 700 ارب روپے کے مبینہ کرپشن کیس کھول دیئے گئے۔ نیب قانون میں تبدیلی کے بعد 486 ریفرنسز رک گئے تھے۔جعلی اکاؤنٹس، پارک لین، چودھری شوگرملز، ہیلی کاپٹر، اومنی گروپ، شوگرملزکیس، چینی سیکنڈل کیس اور کئی بڑے میگا کرپشن کیسز دوبارہ کھل گئے۔
ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں 80 کیسز کھولنے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے نیب نے رجسڑار احتساب عدالت کو خط لکھ دیا۔سابق صدر آصف علی زرداری کیخلاف جعلی اکاؤنٹ کیسز، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کیخلاف رینٹل پاور کیس،اسحاق ڈار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کا داخل دفتر کیا گیا کھول دیا گیا۔نواز شریف ، آصف زرداری اور یوسف رضا گیلانی کیخلاف توشہ خانہ گاڑیوں کا کیس بھی کھل گیا۔
نیب فہرست کے حساب سے کل ریکارڈ پیش کرے گا۔علاوہ ازیں سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود نیب لاہور کے اہم کیس احتساب عدالتوں میں نہیں بھجوائے جاسکے۔ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم شہباز شریف اور انکے بیٹے حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس، سابق وزیر خواجہ سعد رفیق اور انکے بھائی سلمان رفیق کے خلاف پیرا گون ریفرنس ، سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان و دیگر کیخلاف چنیوٹ میں معدنی ذخائر کے غیر قانونی ٹھیکوں کا ریفرنس ، سابق وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران و دیگر کے خلاف پنجاب یونیورسٹی میں غیر قانونی بھرتیوں کا ریفرنس اورسابق ڈی جی سپورٹس عثمان انور کے خلاف پنجاب یوتھ فیسٹیول ریفرنس ا بھی تک بحال نہیں ہوئے ہیں۔