اسلام آباد : صدر مملکت عارف علوی نے پاکستان پوسٹ آفس ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی ہے کہ ریٹائرڈ ملازم کو 1.35 ملین روپے ادا کئے جائیں، پوسٹ ماسٹر جنرل پنجاب، لاہور کی جانب سے تاریخ پیدائش میں غلطی کی وجہ سے سابق ملازم کی پنشن کی مراعات سے غلط طریقہ سے رقم کاٹ لی گئی۔ گزشتہ روز ایوان صدر پریس ونگ کی جانب سےجاری اعلامیہ کے مطابق صدرمملکت نے کہا کہ ملازم مجاز اتھارٹی کے حکم پر ریٹائرمنٹ کے بعد مزید4 سال اپنے محکمے میں خدمات انجام دیتا رہا اور اس مدت کیلئے تنخواہ وصول کرنے کا پختہ یقین رکھتا تھا۔
ا ملازم کو پنشن کے فوائد سے محروم کرنا اور اس کے فرائض کی انجام دہی میں ادا کی گئی تنخواہ میں کٹوتی کرنا غیر قانونی اور بدانتظامی ہے۔ صدر مملکت نے یہ ریمارکس محمد یوسف (شکایت کنندہ) کی جانب سے وفاقی محتسب کے فیصلہ کے خلاف دائر کی گئی درخواست کو قبول کرتے ہوئے دیئے۔
درخواست گزار نے اپنی درخواست میں کہا کہ حکمہ نے ان کی تاریخ پیدائش غلط درج کی جس کی وجہ سے ان کی ریٹائرمنٹ کا سال 2012 میں تبدیل کر دیا گیا جس کی وجہ سے 1.35 ملین روپے کی رقم ان کی پنشنری مراعات سے 4 سال کی تنخواہ کے بدلے بلا جواز کاٹ لی گئی۔ صدر مملکت نے کہا کہ نبی اکرمؐ نے ہمیں مزدور کا پسینہ خشک ہونے سے پہلے اجرت ادا کرنے کا حکم دیا تھا اور کوئی قانون محنت کے وقار کے اس جذبے کو زیر نہیں کر سکتا۔