مریم نواز علی الصبح لاہور سے لندن روانہ، شہبازشریف بھی تیار

 

لاہور(اُمت نیوز)سینیئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مسلم لیگ (ن) مریم نواز شریف لندن روانہ ہوگئیں، جب کہ شہبازشریف بھی ہنگامی طور پر لندن روانہ ہونے کے لئے ایئرپورٹ پہنچ گئے ہیں۔
مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز آج صبح 4 بجے لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ سے غیر ملکی پرواز کے ذریعے براستہ دبئی لندن روانہ ہوگئی ہیں۔
دوسری جانب سابق وزیراعظم شہباز شریف بھی ہنگامی بنیادوں پر لندن روانگی کے لئے لاہور ایئرپورٹ پہنچ گئے ہیں۔ اور پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ اب سے کچھ دیر بعد لاہور سے غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز کیو آر 629 کے ذریعے براستہ دوحہ لندن کیلئےروانہ ہوں گے۔

شہباز شریف منگل کی صبح ہی لندن سے واپس وطن پہنچے تھے، انہوں نے ایک ماہ لندن میں قیام کیا تھا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق شہباز شریف، نواز شریف کے لیے اہم پیغام لے کر جارہے ہیں۔
مریم نواز آج شام اور شہباز شریف رات کو لندن پہنچیں گے۔
نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز کی جمعے کو اہم ملاقات ہوگی جس میں پارٹی قائد کی 21 اکتوبر کو وطن واپسی کے علاوہ انتخابات سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔