کینیڈا (اُمت نیوز)سکھ علیحدگی پسند رہنما سکھدول سنگھ عرف سکھا ڈونیکے کو کینیڈا کے شہر ونی پگ میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔
سکھدول سنگھ بھارت میں سب سے زیادہ مطلوب افراد کی فہرست میں شامل تھے۔ بھارتی ایجنسی این آئی اے نے ابھی ان کے خلاف وارنٹ جاری کیے تھے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سکھدول سنگھ کا تعلق بھارتی پنجاب سے تھا جو خالصتان تحریک کے حامی تھے، سکھدول سنگھ کچھ برسوں سے کینیڈا میں مقیم تھے۔
یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کینیڈا میں ایک سکھ رہنما کے قتل پر بھارت اور کینیڈا کے درمیان سفارتی تناؤ جاری ہے۔
گزشتہ دنوں بھی کینیڈا میں سکھ علیحدگی پسند رہنما ہردیپ سنکھ کو قتل کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھارت کو ملوث قرار دیا ہے، جس کے بعد کینیڈا نے بھارتی سفارت کار اور بھارتی خفیہ ایجنسی را کے سربراہ کو ملک بدر کردیا۔
جسٹن ٹروڈو نے پارلیمنٹ سے خطاب میں کہا تھا کہ ہردیپ سنگھ کے قتل میں بھارت کا ہاتھ ہوسکتا ہے، انٹیلی جنس نے قتل میں بھارتی حکومت کے تعلق کی نشاندہی کی ہے، ہردیپ سنگھ کے قتل کا معاملہ جی ٹوئنٹی کانفرنس میں بھارتی وزیراعظم کے ساتھ اٹھایا تھا، بھارت قتل کی تحیققات میں تعاون کرے۔
رپورٹس سے معلوم ہوا کہ جس بھارتی سفارت کار پون کمار کو کینیڈا سے نکالا گیا ہے وہ کینیڈا میں بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کا اسٹیشن چیف بھی تھا۔