اسلام آباد: احتساب عدالت نے سپریم کورٹ کے حکم پر عمل کرتے ہوئے بحال کیے گئے کیسز میں سے پہلے کیس کی سماعت کرتے ہوئے رینٹل پاور کیس میں راجہ پرویز اشرف کو طلب کرلیا۔
سپریم کورٹ کی جانب سے نیب ترامیم کی چند شقوں کو کالعدم قرار دینے کے بعد سیاست دانوں کے کرپشن کیسز دوبارہ کھل گئے ہیں۔ احتساب عدالت نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے پہلا کیس کھول دیا جو رینٹل پاور کرپشن کیس ہے، بحال کیے گئے اس پہلے کیس میں احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کو طلب کرلیا۔
احتساب عدالت (نیب کورٹ) میں نیب کی درخواست پر رینٹل پاور کیس کی سماعت ہوئی۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ اس کیس میں ٹرائل کا دائرہ اختیار اسی عدالت کا بنتا ہے۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نیب کی درخواست پر کیس میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز کی طلبی کا سمن جاری کردیا اور کہا ہے کہ اس کیس میں فرد جرم عائد ہوچکی ہے۔