گھوٹکی: وحشی درندے شخص نے رات گئے اپنی ماں، بہن اور بھانجیوں سمیت پانچ افراد کو قتل کر دیا پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔قتل کی گئی خواتین سمیت کمسن بچیوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، ایک ہی وقت پانچ جنازے اٹھنے سے علاقہ میں سوگ کی لہر پھیل گئی، گھر میں کہرام برپا ہوگیا۔ گھوٹکی آفتاب کالونی میں رات گئے عمران ٹگڑ نامی شخص نے لوہے کے آلے سے اپنی ماں، بہن اور دو معصوم بچیوں سمیت چار افراد کو قتل اور ایک بچی کو شدید زخمی کردیا تھا۔تھانہ اے سیکشن گھوٹکی پولیس کے مطابق سفاک ملزم نے اپنی ماں،بہن اور دو بھانجیوں کو قتل کردیا تھا۔جبکہ ایک بچی سیرت پر وار کیا تو وہ گھر سے زخمی حالت میں باہر بھاگ نکلی۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور چاروں لاشیں اور زخمی بچی کو تحصیل اسپتال منتقل کیا۔جمعرات کے روز زخمی بچی بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی ۔مقتولین میں ملزم عمران ٹگڑ کی والدہ 55 سالہ مریم، 25 سالہ نوجوان بہن سمیرا،تین بچیاں 7 سالہ آیت، 9 سالہ اقراء اور سیرت شامل ہیں۔ ملزم واردات کے بعد فرار ہوگیا تھا۔بعد ازاں رات گئے اسپتال سے ضروری کاروائی کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کردی گئیں۔ میتیں مقتولین کے آبائی گاؤں اسلام ٹگڑ پہنچی تو گھروں میں کہرام مچ گیا۔
بعد ازاں تمام مقتولین کی نماز جنازہ ادا کی گئی، جس میں اہل علاقہ کے افراد نے شرکت کی، جبکہ پانچ اکٹھے جنازے اٹھنے پر علاقے کی فضا سوگوار ہوگئی۔ مقتولین کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔اس سلسلے میں ایس ایچ او اے تھانہ اے سیکشن سید قلب عباس شاہ کا کہنا ہے کہ خفیہ اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے قاتل ملزم کو 12 گھنٹے کے اندر گرفتار کرلیا گیا ہے۔ کہاجارہا ہے کہ قاتل کا ذہنی توازن درست نہیں ہے اور اس نے اس سے قبل اپنے والد کو بھی مبینہ طور پر قتل کیا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم عمران کا ذہنی توازن درست نہ ہونے سمیت تمام پہلوؤں کی مکمل تفتیش کی جائیگی۔