کراچی: گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے صوبے میں ٹرانسفر پوسٹنگ پر تحفظات کا اظہار کر تے ہوئے کہاہے کہ کئی جگہوں پر ٹرانسفر پوسٹنگ صحیح نہیں ہوئی ہے۔خصوصی گفتگو کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہاکہ یونس دھاگا نے مجھ سے ملاقات میں سسٹم اور کئی معاملات پر اہم انکشافات کئے، نگران وزیر اعلیٰ سے پوچھوں گا جو یونس دھاگا کے انکشافات ہیں، ان میں کتنی سچائی ہے اور کیا انہیں اس کا پتہ ہے۔
کامران ٹیسوری نے کہاکہ نگران وزیر اعلیٰ سندھ نے جب یونس دھاگا کی وزارت تبدیل کی تو خود وزیر اعلیٰ کو بھی کئی باتوں کا علم نہیں تھا، میں جب ان سے جب ملاقات کروں گا تو پوچھوں گا کہ یونس دھاگا سے وزارت کیوں واپس لی؟۔گورنر سندھ نے کہاکہ سندھ میں جو ٹرانسفر پوسٹنگ ہوئی ہے اس پر متحدہ سمیت بحیثیت گورنر مجھے بھی شدید تحفظات ہیں، کئی جگہوں پر یہ ٹرانسفر پوسٹنگ صحیح نہیں ہوئی، ان پر نظر ثانی کی ضرورت ہے، اس حوالے سے نگران وزیر اعلیٰ اور الیکشن کمیشن حکام سے بھی بات کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ سسٹم اور مافیا اس کوشش میں ہیں کہ مل کر مجھے کمزور کریں، لیکن مجھے پروا نہیں ہے، وہ دن دور نہیں جب مافیا کے سرغنہ جیلوں کے اندر دکھائی دیں گے، تارکین وطن اور غیر قانونی طور پر مقیم افغانیوں کے خلاف وہ آپریشن ہوگا کہ معلوم ہو جائے گا، ان سب کو واپس جانا ہوگا۔افغانیوں کے مسئلے پر کامران ٹیسوری نے کہاکہ پچھلے دو ہفتوں میں ضلع ایسٹ سے 80 افغانیوں کو گرفتار کیا گیا، پورے شہر میں ان کے ٹھکانوں اور ان کی تعداد کے حوالے سے فہرست تیار کی جا رہی ہے۔الیکشن کی تاخیر کے خدشات کے حوالے سے گورنر سندھ نے کا کہ بلاول بھٹو کو بھی سمجھ آ گئی ہے کہ ایک سسٹم ہے اور اس کو ختم ہونا چاہیئے، الیکشن ہونے چاہیں اور جو آئین و قانون کہتا ہے اس کے مطابق ہونے چاہیں، ایسا الیکشن جو سب کیلئے قابل قبول ہو۔