کراچی :عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر سندھ حکومت کی جانب سے عام تعطیل کا اعلان کردیا گیا ہے۔ سندھ حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق بروز جمعہ 29 ستمبر جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر صوبے بھر میں عام تعطیل ہوگی۔عیدمیلاد النبیﷺ کی عقیدت میں تمام کاروباری مراکز اور مارکیٹیں بند رہیں گی۔
ہر سال کی طرح اس بار بھی خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا یوم ولادت انتہائی مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔ اس موقع پر صدر، وزیراعظم اور دیگر اہم شخصیات خصوصی پیغامات جاری کریں گے۔ صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر سیرت کانفرنسوں اور عید میلاد النبی ﷺ کے جلوسوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ وزارت مذہبی امور کی طرف سے سرکار دوعالم ﷺ کی سیرت طیبہ اور حیات طیبہ کے مختلف پہلوئوں کو اجاگر کرنے کے لئے کتب سیرت، کتب نعت ، مقالات سیرت اور خواتین کے لئے مذہبی کتب کے مقابلے منعقد کئے جائیں گے۔
دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں اور فارن مشنز میں بھی سیرت طیبہ ﷺ کے مختلف پہلوئوں کو ا جاگر کرنے کے لئے سیرت کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا۔ قومی اور صوبائی سطح پر تمام تعلیمی اداروں میں سیرت النبی ﷺ کانفرنسز منعقد کی جائیں گی۔ اسی طرح سیرت طیبہ ﷺ کے حوالے سے نعت خوانی اور تقاریر کے مقابلے ہوں گے۔