مٹیاری: سندھ کے ضلع مٹیاری میں ہالا منصورہ کے مقام پر جدید زرعی ٹیکنالوجی سے آم کے سیکڑوں پودے لگائے گئے ہیں_ یہ ٹیکنالوجی ہائی ڈینسٹی کہلاتی ہے اور اس سے ایک ایکڑ پر آم کے 440 پودے لگائے جا سکتے ہیں_ دعا فاؤنڈیشن نے ہالہ کی مشہور درس گاہ جامعہ منصورہ کی زمین پر ڈیڑھ ایکڑ پر ہائی ڈینسٹی آم کے 700 پودے لگائے ہیں، جن پر دو سال بعد پھل آنا شروع ہو جائے گا_ اس موقع پر بات کرتے ہوئے دعا فاؤنڈیشن کے چیئرمین عامر خان، سیکرٹری فیاض عالم اور دوسرے عہدے داروں نے کہا کہ روایتی باغبانی یا شجرکاری میں ایک ایکڑ پر آم کے 30 سے 40 درخت لگائے جاتے تھے، اب جدید تحقیق اور ٹیکنالوجی کے باعث اس کا تناسب ایک ہزار فیصد سے بھی زیادہ ہو گیا ہے_ اس طریقۂ کاشت سے نہ صرف کسانوں کو فائدہ ہوگا بلکہ ماحول کی بہتری میں شاندار تبدیلی ظاہر ہوگی_ انہوں نے کہا کہ پہلے ایک ایکڑ آم کے درختوں سے تقریباً 200 من پھل حاصل ہوتا تھا، جدید طریقے سے اس سے ایک ایکڑ پر 600 من پھل آئے گا اور وقت گزرنے کے ساتھ اسکی مقدار میں بھی اضافہ ہوگا_ انہوں نے کہا کہ اس شجرکاری میں مزید توسیع کی جائے گی اور خالی زمینوں پر سندھ بھر میں ہائی ڈینسٹی ٹیکنالوجی کے تحت پھل دار درخت لگائے جائیں گے، جس سے نہ صرف لوگوں کی مالی حالت بہتر ہوگی بلکہ ان علاقوں میں معاشی سرگرمیاں بھی فروغ پائیں گی_