لاہور: چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ورلڈکپ کیلیے قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔
بابر اعظم کو کپتان اور شاداب خان کو نائب کپتان برقرار رکھا گیا ہے جبکہ فٹنس مسائل سے دوچار فاسٹ بولر نسیم شاہ کی جگہ حسن علی کو شامل کیا گیا ہے۔ قومی ٹیم کے ساتھ ایک ہی وکٹ کیپر محمد رضوان بھارت جائیں گے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہاکہ ورلڈکپ 2023کیلیے بابراعظم کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے،ورلڈکپ اسکواڈ میں نائب کپتان شاداب خان، عبداللہ شفیق، افتخار احمد، محمد نواز اور اسامہ میر ،سعود شکیل، سلمان علی آغا اور وسیم جونیئر کو شامل کیا گیاہے۔
اسکواڈ میں امام الحق، فخرزمان ،محمد رضوان ،شاہین شاہ آفریدی ،حارث رؤف، حسن علی بھی شامل ہیں،ریزو کھلاڑیوں میں زمان خان، ابراراحمد اور محمد حارث ہوں گے ۔
چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ فاسٹ بولرز میں آپشن کم تھی، حسن علی نے لنکن لیگ میں اچھا کھیل پیش کیا، حسن علی ٹیم مین بھی ہے اور اس کے آنے سے ٹیم میں انرجی آتی ہے۔
انضمام الحق نے کہا کہ ایشیا کپ کی ٹیم بناتے وقت حسن علی کی انگلی زخمی تھی جبکہ فاسٹ بولرز میں احسان اللہ اور محمد حسنین بھی فٹنس مسائل سے دوچار ہیں لیکن ہم نے چھ ماہ سے بنے کمبی نیشن میں تبدیلی کی کوشش نہیں کی۔
انہوں نے بتایا کہ نسیم شاہ کا بڑا نقصان ہوا اور وہ اس وقت دنیا کا بہترین فاسٹ بولر ہے، رپورٹس کے مطابق نسیم شاہ ورلڈ کپ کے بعد بھی جلد نہیں کھیل سکے گا۔
انضمام الحق نے واضح کیا کہ کسی پر دروازہ بند نہیں کیا گیا، خواہ سرفراز ہو یا عماد وسیم، محمد عامر نے ریٹائرمنٹ لی تھی، فرسٹ کلاس کھیلیں پھر پرفارمنس پر لیں گے۔ چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ میں کارکردگی کو اہمیت دیں گے، شان مسعود کا نام ابتدائی 25میں شامل تھا۔
انضمام الحق کا کہنا تھا کہ ہمیں صرف ایک تبدیلی پر مجبور ہونا پڑا ہے جس کا تعلق بدقسمتی سے نسیم شاہ کی انجری سے ہے۔ ہمیں ایشیا کپ کے دوران بھی کچھ کھلاڑیوں کی انجریز کے معاملات کا سامنا رہا لیکن خوشی کی بات یہ ہے کہ تمام کھلاڑی مکمل فٹ ہیں ۔