کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی زیر صدارت علماء کرام کا اجلاس ہوا، جس میں تمام مکاتب فکر کے علماء، ایڈیشنل آئی جی کراچی، کمشنر کراچی اور دیگر شریک ہوئے۔ اجلاس میں 12 ربیع الاول جلوسوں کے انتظامات پر گفتگو ہوئی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ خوش قسمتی ہےکہ میرا نوٹی فکیشن گذشتہ سال 12 ربیع الاول کو ہوا تھا، نبی کریمؐ کی ولادت باسعادت کا دن عالم اسلام کیلئے سب سے اہم ترین ہے، اس دن ہم سب محسن انسانیتؐ کی آمد کا جشن مناتے ہیں، نبی کریمؐ کی آمد سے عرب سے جہالت کے بادلوں کا خاتمہ ہوا، آپؐ نے خواتین کو حقوق دیئے، آپؐ نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے۔ان کا کہنا تھا کہ علماء سے گذارش ہےکہ وہ ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے کام کریں، جلوسوں کے راستوں پر صفائی ستھرائی، سیکورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ 12 ربیع الاول کو گورنر ہاوس میں عظیم الشان محفل منعقد ہوگی، چراغاں بھی کیا جائے گا۔