نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ مردم شماری کے مطابق حلقہ بندیوں کا کام جاری ہے، انتخابی مہم کےلئے سیاسی جماعتوں کو 54 دن کا وقت ملنا ضروری ہے۔
کراچی میں گورنر سندھ سے ملاقات کے بعد نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ نگراں حکومت آنے سے پہلے جو حکومت تھی اس میں بڑا حصہ ن لیگ کا تھا، فواد حسن فواد کو اگر وزیر بننا تھا تو وہ ن لیگ حکومت میں بن سکتے تھے۔ انھوں نے مزید کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے تحفظات کا احترام ہے لیکن فواد حسن کا تعلق ن لیگ سے نہیں ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد کی وطن واپسی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ نوازشریف کی واپسی کا نگراں حکومت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ مقتول صحافی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ یقین دلاتا ہوں کہ ہم جان محمد مہر کے قتل پر خاموش نہیں رہیں گے، لواحقین کو انصاف دلانے کی کوشش کرینگے۔