ریاض: وزیر مذہبی امور انیق احمدنے کہا ہے کہ حج 2024 میں پاکستانی حجاج کی سہولتوں میں مزید اضافہ ہو گا،حجاج کیلئے رہائش، خوراک اور سفری سہولیات کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے گی۔ گزشتہ روز وزیر مذہبی امور انیق احمدنے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ سے ملاقات کی اور حج انتظامات کو حتمی شکل دینے کےلئے ایک اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔اجلاس میں سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر احمد فاروق اور نائب سفیر معظم خان بھی موجود تھے۔
وزیرمذہبی امورنے سعودی وزیر حج سے کہا کہ پاکستانی حجاج کے فلائٹ شیڈول کو جلد حتمی شکل دی جائے،مشاعر مقدسہ میں پاکستانی حجاج کو نزدیکی مکاتب فراہم کئے جائیں،روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ اسلام آباد کے علاوہ دیگر شہروں سے بھی شروع کیا جائے۔ انہوں نے خادم حرمین شریفین اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سرپرستی میں وزارت حج و عمرہ کی جانب سے حجاج کو بہترین سہولیات مہیا کرنے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ڈاکٹر توفیق کا شکریہ ادا کیا۔ سعودی وزیر حج و عمرہ نے کہا کہ سعودی حکومت پاکستانی حجاج کو پہلے سے بڑھ کر تعاون پیش کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ حجاج کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے متعدد نئے اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے 80 ممالک سے نجی ٹور آپریٹرز کی تعداد محدود کر دی ہے،تمام پرائیویٹ ٹور آپریٹر کیلئے حجاج کی کم از کم تعداد 2 ہزار مقرر کی گئی ہے، روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں کراچی اور لاہور کو شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے، روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کی دیگر شہروں تک توسیع بتدریج کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے حجاج کی بڑی تعداد آتی ہے، ان کی خدمت کرنا باعث شرف ہے، پاکستان حجاج کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان سے محبت لازوال ہے، باہمی تعلق کو بہتر سے بہتر کرنا چاہتے ہیں،پاکستان کے دورہ اور حالیہ ملاقات کا مقصد حج کے انتظامی امور کو قبل از وقت مکمل کرنا ہے۔