دبئی : متحدہ عرب امارات کی جانب سے دنیا کی پہلی ایسی مسجد کی تعمیر کا اعلان کیا گیا ہے جس میں زیر آب نماز پڑھی جاسکے گی۔ ساڑھے 5 کروڑ درہم (4 ارب 33 کروڑ پاکستانی کروڑ روپے سے زائد) کی لاگت سے پانی میں تیرتی اس مسجد کو دبئی میں تعمیر کیا جائے گا۔ دبئی کے محکمہ اسلامی امور و فلاحی سرگرمیوں کی جانب سے اس مسجد کو دبئی واٹر کینال میں تعمیر کرنے کا اعلان کیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ اس منصوبے سے مذہبی سیاحت کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ 3 منزلہ عمارت ہوگی جس میں نماز پڑھنے کی جگہ زیر آب ہوگی اور ایک وقت میں 50 سے 75 افراد نماز پڑھ سکیں گے۔ منصوبے کے چند خاکے بھی جاری کیے گئے جن سے عمارت کے ڈیزائن کا اندازہ ہوتا ہے۔
اس موقع پر دبئی کے محکمہ اسلامی امور کے شعبہ انجینئرنگ کے سربراہ علی محمد الحلیان السوادی نے بتایا کہ 2 منزلہ مسجد 2 ہزار اسکوائر میٹر رقبے پر تعمیر کی جائے گی جس میں 600 افراد نماز پڑھ سکیں گے۔انہوں نے بتایا کہ اس مسجد کی تعمیر رواں سال کے آخر تک شروع ہونے کا امکان ہے جبکہ 2025 کی پہلی سہ ماہی تک اسے مکمل کر لیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ اس مسجد کو کنکریٹ سے تعمیر کیا جائے گا اور 3 ڈی پرنٹنگ کا انتخاب اس لیے کیا گیا کیونکہ یہ ایک نئی ٹیکنالوجی ہے جس سے وقت اور وسائل بچانے میں مدد ملے گی۔